پاکستان

اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ، ترک گروپ نے مقررہ حد سے کم بولی لگادی

  • حکومتی فیصلے سے قبل معاملہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے پاس بھیجا جائے گا
شائع January 2, 2025

اسلام آباد ایئرپورٹ کے آپریشنز کو سنبھالنے کے لیے واحد بولی دہندہ ترک گروپ نے کم ازکم حد سے کم رعایتی فیس کی پیشکش کی ہے، یہ بات جمعرات کو بڈ ایویلیوایشن کمیٹی کے چیئرمین نے بتائی ہے۔

نقدی کی قلت کا شکار پاکستان اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرکے آمدنی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں تین بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ بھی شامل ہے۔

ایوی ایشن اینڈ ایئر پورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹرمینل یاپی، ای آر جی انسات اور ای آر جی یو کے پر مشتمل کنسورشیم نے حکومت کو آپریشنز سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 47 فیصد رعایتی فیس کی شکل میں ادا کرنے کی بولی لگائی ہے جو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم 56 فیصد سے کم ہے۔

اب یہ معاملہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کو بھیجا جائے گا جو ورلڈ بینک گروپ کا رکن ہے اور اسلام آباد کو آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے مشورہ دے رہا ہے، اس سے قبل کہ پاکستان فیصلہ کرے کہ آیا یہ بولی منظور کی جا سکتی ہے یا نہیں۔

بڈ کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل صادق الرحمان نے کہا کہ مالی تجویز کی تفصیلات مزید جانچ پڑتال اور حتمی رپورٹس کی تیاری کے لیے آئی ایف سی کو پیش کی جائیں گی۔

پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دبی ایئر لائن پی آئی اے کے 60 فیصد حصص فروخت کرنے پر بھی غور کر رہا ہے تاکہ فنڈز اکٹھے کیے جا سکیں اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت سرکاری اداروں میں اصلاحات کی جا سکیں۔

اکتوبر میں قومی ایئر لائن کی نجکاری کی ناکام کوشش کے دوران بھی انتظامیہ کو ایک ہی پیشکش موصول ہوئی تھی جو مقررہ حد سے انتہائی کم تھی۔

Comments

200 حروف