ایکسپلوریشن اور پروڈکشن (ای اینڈ پی) کا شعبہ پاکستان کی تیل اور گیس کی ویلیو چین کی بنیاد ہے جو مڈسٹریم ریفائنریز اور ڈاؤن سٹریم ڈسٹریبیوشن نیٹ ورکس کی کارکردگی کو آگے بڑھاتا ہے۔

تاہم کئی سالوں سے یہ اہم شعبہ نظامی مسائل کے بوجھ تلے جکڑا ہوا ہے جن میں تاخیر سے ادائیگیاں، گردشی قرضے، درآمدی پابندیاں اور پالیسی کے رکاوٹیں شامل ہیں۔ 2024 کا سال شعبہ کی کارکردگی کے لیے ایک ملے جلے اسکور کارڈ کے ساتھ بحالی کے آثار اور بڑے چیلنجز لے کر آیا ہے۔

دہائیوں تک، پاکستان کا ای اینڈ پی گردشی قرضے کے جال میں پھنس چکا ہے، جس میں گیس ڈسٹریبیوشن اور پاور کمپنیوں سے وصولیوں کا بوجھ بڑھتا گیا ہے۔ 2024 کے وسط تک پاکستان کا گردشی قرضہ 5.73 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جس میں پیٹرولیم شعبے کا حصہ 3.02 ٹریلین روپے تھا۔ اس گردشی قرضے نے ای اینڈ پی کمپنیوں سے لیکویڈیٹی ختم کردی، جس سے روزمرہ آپریشنز کو برقرار رکھنے کی صلاحیت متاثر ہوئی۔

اس کے باوجود، اس سال ایک اہم موڑ دیکھا گیا جب توانائی کے شعبے کو ہدف بنانے والی جزوی اصلاحات کے نتائج ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔ گیس کی قیمتوں کے بروقت تعین نے ای اینڈ پی کمپنیوں کو واجب الادا ادائیگیاں جمع کرنے کی اجازت دی ، جس سے ان کی لیکویڈیٹی اور مالی استحکام میں بہتری آئی۔ حالیہ سہ ماہیوں میں بحالی کا تناسب 100 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے ، جو پانچ سالہ اوسط 50-60٪ کے مقابلے میں قابل ذکر بہتری ہے ، جس سے صنعت میں کچھ انتہائی ضروری اعتماد بحال ہوا ہے۔

ان مالی مسائل کے علاوہ درآمدات پر پابندیوں کی وجہ سے آپریشنل چیلنجز بھی تھے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کم ہوتے ذخائر کو بچانے کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ کے اخراج پر سخت کنٹرول نافذ کیا تھا۔ اس سے ای اینڈ پی کمپنیاں ڈرلنگ اور دیکھ بھال کے کاموں کے لئے اہم سامان اور رسد حاصل کرنے سے قاصر رہ گئیں۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے یہ صورتحال اور بھی سنگین تھی کیونکہ وہ اپنے منافع کو پیرنٹ کمپنیوں تک واپس بھیجنے کے قابل نہیں تھے۔ اگرچہ مرکزی بینک نے 2024 کے شروع میں مالیاتی خسارے میں بہتری کے بعد ان پابندیوں میں کچھ نرمی کی تاہم سرمایہ کاروں کے اعتماد اور آپریشنل کارکردگی پر پڑنے والا نقصان ٹھیک ہونے میں وقت لے گا۔

کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی (کے یو ایف پی ای سی) کی پاکستان سے روانگی اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو درپیش چیلنجز کی عکاسی کرتی ہے۔ مقامی پاکستان ایکسپلوریشن لمیٹڈ (پی ای ایل) کو اپنے اثاثے فروخت کرنے سے کے یو ایف پی ای سی کا اخراج پاکستان کے لیے ایک بڑا نقصان تھا۔

ایک مقامی کمپنی کی خریداری نے ملکی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی پختگی اور صلاحیت کو ظاہر کیا لیکن ایک غیرملکی کمپنی کا ملک چھوڑنا پاکستان کے ریگولیٹری اور آپریشنل ماحول میں اعتماد کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ صرف ایک کاروباری فیصلہ نہیں تھا۔ یہ ایک وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتا ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کار پاکستانی توانائی کی مارکیٹ سے وابستگی کے بارے میں انتہائی محتاط ہیں۔

اسی دوران، گیس کے شعبے میں غیر موثر حکمت عملیاں مزید پیچیدگیاں پیدا کر رہی تھیں۔ ویٹیڈ ایوریج کاسٹ آف گیس (ڈبلیو اے سی او گی) کے میکانزم کا فقدان انرجی مکس میں بیگاڑ پیدا کرتا رہا۔ درآمد شدہ ایل این جی، جو مہنگے ٹیک اور پے معاہدوں پر خریدی گئی تھی، کم استعمال ہو رہی تھی کیونکہ ایل این جی پاور پلانٹس میرٹ آرڈر میں کم درجہ پر تھے۔

اس کے نتیجے میں ایل این جی سرپلس ہوا ، جس کی وجہ سے حکومت کو ای اینڈ پی کمپنیوں سے سستی ، مقامی طور پر تیار کردہ گیس کی کھپت کو کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس عدم توازن نے نہ صرف اپ سٹریم کمپنیوں کو نقصان پہنچایا بلکہ مجموعی طور پر توانائی کی ویلیو چین میں نااہلیت میں بھی اضافہ کیا جس سے گیس کی پیداوار اور تقسیم کے نظام کو نقصان پہنچا۔

طویل عرصے سے متوقع براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی کے نفاذ میں تاخیر نے شعبے کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا۔ یہ پالیسی، جو ریفائننگ کی صلاحیت کو جدید بنانے اور بڑھانے کے لیے تھی، حکومتی اختلافات کی وجہ سے جمود کا شکار ہو گئی۔ ضروری اپ گریڈز کے بغیر، پاکستان کی ریفائنریز اب بھی اپنے اوپٹم سطح کی صلاحیت سے کم سطح پر کام کر رہی ہیں، اور ای اینڈ پی کمپنیوں کی پیدا کردہ ہائیڈروکاربنز کو مؤثر طریقے سے پروسیس نہیں کر پارہی ہیں۔ یہ رکاوٹ نہ صرف مقامی تیل اور گیس کی پیداوار کو محدود کرتی ہے بلکہ ملک کی توانائی کی خود انحصاری کو بھی روکتی ہے۔

ان رکاوٹوں کے باوجود، 2024 کا سال محتاط امید کی وجوہات بھی لے کر آیا۔ او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل جیسی بڑی ای اینڈ پی کمپنیوں کے شیئر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا کیونکہ اصلاحات نے ریونیو کے بہاؤ اور لیکویڈیٹی میں بہتری لانا شروع کی۔

اس شعبے میں 35 فیصد اضافہ ہوا جو سرمایہ کاروں کے نئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ کئی سالوں کے جمود کے بعد نئے تحقیقاتی منصوبے شروع کیے جانے کے ساتھ آپریشنل سرگرمیوں میں تیزی آئی۔ مزید برآں، زرمبادلہ کی پابندیوں میں نرمی نے غیر ملکی کمپنیوں کو کچھ منافع واپس کرنے کی اجازت دی، اگرچہ یہ اعتماد کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لئے کافی اقدامات نہیں۔

کے یو ایف پی ای سی کی روانگی پالیسی سازوں کے لئے ایک انتباہ ہے۔ اگرچہ پی ای ایل جیسی مقامی کمپنیوں کا آگے بڑھنا ایک مثبت علامت ہے لیکن پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو الگ تھلگ کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اس شعبے کی بحالی ایک کثیر الجہتی حکمت عملی پر منحصر ہے جس میں منافع کی واپسی کے عمل کو آسان بنانا، گیس کے استعمال کو بہتر بنانے کے لئے مذکورہ پالیسی کا نفاذ، ریفائنری اپ گریڈ کو تیز کرنا اور دائمی گردشی قرضوں کے مسئلے کو حل کرنا شامل ہے۔

Comments

200 حروف