پاکستان

9 مئی فسادات: 19 مجرموں کی سزائیں معاف کردی گئیں، آئی ایس پی آر

  • ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان تمام افراد کو رہا کر دیا جائے گا
شائع January 2, 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے 9 مئی کے 19 مجرموں کی سزائیں معاف کردی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے مجرموں کو دی جانے والی سزاؤں کے بعد انہوں نے قانونی حق کا استعمال کیا اور اپنی سزاؤں میں رحم اور معافی کی درخواست کی ۔

مجموعی طور پر 67 مجرموں نے رحم کی درخواستیں دائر کی ہیں جب کہ 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے کورٹس آف اپیل میں نظرثانی کے لیے ارسال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 19مجرموں کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔

ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان تمام افراد کو رہا کر دیا جائے گا۔

دریں اثنا پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ دیگر مجرموں کی رحم کی درخواستوں کا فیصلہ قانونی طریقہ کار کے مطابق مناسب وقت پر کیا جائے گا، دیگرتمام مجرموں کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو بھی مدنظر رکھا جائے۔

اس سے قبل اپریل 2024 میں بھی انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق 20 مجرموں کی رہائی عمل میں لائی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 19 مجرمان جن کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں:

  • محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان
  • سمیع اللہ ولد میر داد خان
  • لئیق احمد ولد منظور احمد
  • امجد علی ولد منظور احمد
  • یاسر نواز ولد امیر نواز خان
  • سعید عالم ولد معاذ اللہ خان
  • زاہد خان ولد محمد نبی
  • محمد سلیمان ولد سعید غنی جان
  • حمزہ شریف ولد محمد اعظم
  • محمد سلمان ولد زاہد نثار
  • عاشر بٹ ولد محمد ارشد بٹ
  • محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل
  • سفیان ادریس ولد ادریس احمد
  • منیب احمد ولد نوید احمد بٹ
  • محمد احمد ولد محمد نذیر
  • محمد نواز ولد عبدالصمد
  • محمد علی ولد محمد بوٹا
  • محمد بلاول ولد منظور حسین
  • محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم

یاد رہے کہ دسمبر میں فوج نے مئی 2023 میں ملک گیر فسادات میں ملوث 85 شہریوں کو2 سے 10 سال قید کی سزا سنانے کا اعلان کیا تھا۔

فوج کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں ان فیصلوں کو ’انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل‘ قرار دیا گیا تھا ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاست پاکستان ریاست کی ناقابل تسخیر رٹ کے قیام کو یقینی بنانے اور انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں رہے گی تاکہ نفرت، تفرقہ، بے بنیاد پراپیگنڈے اور تشدد پر مبنی تخریبی سیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔

Comments

200 حروف