ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل(ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے جس میں اعلیٰ فوجی اور سویلین رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایس آئی ایف سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اہم فیصلوں کی توثیق کی جائے گی اور کونسل کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
شرکا ایس آئی ایف سی فریم ورک کے تحت ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور تیل و گیس کے نئے دریافت شدہ ذخائر پر بھی بریفنگ حاصل کریں گے۔ دوست ممالک کی سرمایہ کاری اور انہیں پاکستان میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تازہ ترین معلومات بھی شیئر کی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) پر عمل درآمد پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے جمعہ کو ایپکس کمیٹی کا دوسرا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
توقع کی جارہی ہے کہ دونوں اجلاسوں کے اہم نتائج برآمد ہوں گے کیونکہ حکومت اہم اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹ رہی ہے۔
Comments