کاروبار اور معیشت

دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد ریکارڈ

  • حکومت کے تخمینے کے مطابق یہ صورتحال مسلسل مالیاتی نرمی کے کیس کو مضبوط کرتا ہے
شائع January 1, 2025

دسمبر 2024 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر 4.1 فیصد رہی جو نومبر 2024 کے مقابلے میں بھی کم ہے جب یہ 4.9 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024 میں سی پی آئی میں 0.1 فیصد ماہانہ اضافہ ہوا جب کہ اس سے پچھلے ماہ میں 0.5 فیصد اور دسمبر 2023 میں 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق یہ81 ماہ کی سب سے کم ریڈنگ ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سی پی آئی افراط زر اوسط 7.22 فیصد رہی جو مالی سال 24 کے 6 ماہ میں 28.79 فیصد تھی۔

دسمبر میں ریکارڈ کیا گیا اعدادوشمار بھی سرکاری توقعات کے مطابق ہے۔

وزارت خزانہ نے جمعہ کو جاری کردہ ماہانہ جائزے میں کہا ہے کہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح 4 سے 5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

وزارت نے اپنے ماہانہ اقتصادی جائزہ اور آؤٹ لک میں اس بات پر زور دیا کہ محنت سے حاصل کی گئی معاشی استحکام ترسیلات زر، برآمدات کی آمدنی اور مناسب درآمدات کی بنیاد پر برقرار رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے شرح مبادلہ میں استحکام آئے گا اور افراط زر پر قابو پایا جائے گا جو دسمبر 2024 تک 4.0 سے 5.0 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

پاکستان میں مہنگائی حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل اقتصادی چیلنج بنی رہی ہے۔ گزشتہ سال مئی میں سی پی آئی مہنگائی کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند سطح تک پہنچ گئی تھی تاہم اس کے بعد سے یہ مسلسل کمی کی جانب گامزن ہے۔

افراط زر میں کمی سے کلیدی پالیسی ریٹ میں مزید کٹوتی کو تقویت ملتی ہے۔

گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے پالیسی ریٹ کو 200 بی پی ایس کم کرکے 13 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مجموعی طور پر گزشتہ 5 مسلسل مانیٹری پالیسی فیصلوں کے دوران جون سے پالیسی ریٹ میں 900 بی پی ایس کی کمی واقع ہوئی ہے۔

دریں اثنا، سی پی آئی کی تازہ ترین ریڈنگ کئی بروکریج ہاؤسز کے اندازوں کے مطابق تھی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے توقع ظاہر کی کہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح تقریباً 4 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2024 میں پاکستان میں افراط زر کی شرح اوسطا 13 فیصد رہی جب کہ دسمبر 2024 میں افراط زر کی شرح 4 سے 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رواں سال افراط زر مزید کم ہو کر اوسطا 7 سے 8 فیصد تک آنے کی توقع ہے۔

جے ایس گلوبل نے دسمبر میں سی پی آئی کو 4 فیصد تک گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نومبر 2024 میں 4.9 فیصد ریڈنگ کے بعد دسمبر 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) 4 فیصد تک گرنے کا امکان ہے، جو پاکستان میں افراط زر کے رجحان کو جاری رکھتے ہوئے 6.5 سال کی کم ترین سطح ہے۔

شہری، دیہی افراط زر

پی بی ایس نے کہا کہ سی پی آئی افراط زر دسمبر 2024 میں سالانہ 4.4 فیصد تک کم ہوا جو اس سے پچھلے ماہ 5.2 فیصد اور دسمبر 2023 میں 30.9 فیصد تھا۔

ماہانہ بنیاد پر دسمبر 2024 ء میں اس میں 0.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ اس سے پچھلے ماہ 0.5 فیصد اور دسمبر 2023 میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

سی پی آئی افراط زر دیہی علاقوں میں کم ہوکر سالانہ 3.6 فیصد رہ گئی جو اس سے پچھلے مہینے 4.3 فیصد اور دسمبر 2023 میں 27.9 فیصد تھی۔

دسمبر 2024 میں اس میں 0.3 فیصد ماہانہ اضافہ ہوا جب کہ اس سے پچھلے مہینے میں یہ 0.5 فیصد اور دسمبر 2023 میں ایک فیصد اضافہ ہوا تھا۔

Comments

200 حروف