وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیصل آباد کے علاقے ڈیرہ جج والا کمالیہ میں مقامی تاجروں، زرعی، ڈیری اور پولٹری فارمرز (خصوصاً ڈیری اور پولٹری سے وابستہ افراد) سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تقریباً 1,90,000 امیر افراد(اشرافیہ) جو اس وقت ٹیکس سے بچ رہے ہیں، انہیں ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) فعال طور پر نوٹسز بھیج رہا ہے تاہم ابھی تک ٹیکس چوروں کی تعداد میں کسی نمایاں کمی کے شواہد نظر نہیں آئے لیکن امید کی جاسکتی ہے کہ یہ کوشش ماضی کی اس طرح کی کوششوں کے برعکس کامیاب ہوگی اور ٹیکس چوری کرنے والوں کو چوری کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ملے گا یا وہ دوسرے ممالک میں منتقل نہیں ہوں گے۔ بدقسمتی سے، موجودہ صورتحال میں چونکہ پیداواری لاگت (یوٹیلیٹیز وغیرہ) ہمارے حریفوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے، اس وجہ سے کئی صنعتی یونٹس بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کسی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ملک صرف قرضے پر انحصار کرکے نہیں چل سکتا۔ ان کے بیان کی صداقت پر نہ مقامی اور نہ ہی بین الاقوامی سطح پر کوئی سوال اٹھا سکتا ہے، لیکن دو اہم نکات قابل غور ہیں۔

سب سے پہلے ٹیکس چوری غیر قانونی ہے؛ تاہم، ٹیکس سے بچاؤ (ٹیکس ایوائڈنس) غیر قانونی نہیں ہے۔ اس لیے انتظامیہ کو ایسے اقدامات شروع کرنے چاہییں جو اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام پالیسیوں (چاہے وہ آئین میں ہوں یا فنانس ایکٹ میں) جو ٹیکس سے بچاؤ کی اجازت دیتی ہیں، ان سے مناسب طریقے سے نمٹا جائے۔

وہ آئینی شق جو وفاقی حکومت کو امیر زمینداروں کی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنے سے روکتی ہے، اسے صوبائی معاملہ قرار دیتی ہے، نے نہ صرف زمیندار اشرافیہ کی حمایت کی ہے بلکہ (صنعت یا بینکاری کے شعبے یا بدعنوانی سے تعلق رکھنے والے) امیروں کو زرعی زمینوں میں سرمایہ کاری کرنے کا بھی موقع فراہم کیا ہے تاکہ وہ اپنے واجب الادا ٹیکسز سے بچ سکیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جاری پروگرام کے تحت صوبوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی قانون سازی کریں جو انہیں امیر کسانوں کی آمدنی پر ٹیکس لگانے کی اجازت دے۔ اب تک پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے ایسا قانون منظور کیا ہے، جس کا نفاذ آئندہ مالی سال سے ہونا ہے۔ تاہم، اس پر عملدرآمد یقینی نہیں، کیونکہ یہ قانون اس وقت جلدبازی میں منظور کیا گیا جب دورہ کرنے والی آئی ایم ایف ٹیم نے پنجاب کے ابتدائی تین ماہ کے بجٹ میں 140 ارب روپے کے خسارے کو چیلنج کیا، جس کے نتیجے میں راتوں رات 40 ارب روپے کا سرپلس دکھایا گیا اور امیر کسانوں پر ٹیکس کی منظوری صوبائی اسمبلی سے لی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس قانون کی مخالفت کی، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا دیگر صوبے بھی اس قانون کو منظور کریں گے یا نہیں۔

سب سے بہترین حل یہ ہے کہ آئین میں ترمیم کی جائے تاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو امیر کسانوں سے ان کی آمدنی پر ٹیکس اسی شرح پر وصول کرنے کا اختیار حاصل ہو جو تنخواہ دار طبقے پر عائد ہوتا ہے۔ چونکہ 26 ویں ترمیم تمام مشکلات کے باوجود منظور کی گئی تھی، اس لئے اس امید کا اظہار کیا جا سکتا ہے کہ متعلقہ فریق دوبارہ مشترکہ کوشش کریں گے تاکہ اس ترمیم کو بھی منظور کرایا جا سکے۔

دوسری اور اتنی ہی اہم بات یہ ہے کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے جو تجاویز پیش کی گئی تھیں، جن کا مقصد بالواسطہ ٹیکسوں پر بہت زیادہ انحصار کو کم کرنا تھا—جو جمع کرنا آسان ہیں لیکن جن کا بوجھ غریبوں پر امیروں کے مقابلے میں زیادہ پڑتا ہے، اور جو اس ملک میں غربت میں اضافے کی بنیادی وجہ ہیں—انہیں منظم (اشرافیہ) طبقوں نے ناکام بنادیا ہے۔

ایسے تاجر بھی ہیں جنہوں نے ہڑتال کی دھمکی دے کر ایک بار پھر موجودہ حکومت کو تاجر دوست اسکیم واپس لینے پر مجبور کر دیا ہے جس کے بارے میں ایف بی آر حکام نے مارچ 2024 میں دعویٰ کیا تھا کہ اس سے اضافی 250 سے 300 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

پانچ بڑی برآمدی صنعتوں کو سبسڈی والی یوٹیلیٹیز اور زیرو ریٹنگ حال ہی میں ہماری اقتصادی ٹیم کے رہنماؤں کی جانب سے جاری پروگرام کے تحت آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے کے مطابق ختم ہوئی ہے۔تاہم وزارت خزانہ پر اس سہولت پر دوبارہ غور کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے اور وزارت تجارت ایسی درخواستوں کی حمایت کر رہی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ہمارا ٹیکس ڈھانچہ غیر متوازن ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ایک صنعتی یونٹ جو دوسرے کے برابر پیداوار دے رہا ہے، اسے مختلف انداز میں ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ پورا ٹیکس ڈھانچہ آسانی سے جمع کیے جانے والے بالواسطہ ٹیکسوں پر مبنی ہے؛ اور ایف بی آر کے مطابق کل براہ راست ٹیکس کی وصولیوں میں سے 75 سے 80 فیصد دراصل سیلز ٹیکس کے طور پر عائد کیے گئے ٹیکس ہیں جو ود ہولڈنگ ایجنٹس کی جانب سے وصول کیے جاتے ہیں۔

اس لیے سب سے پہلے ایک ایسا ٹیکس ڈھانچہ تشکیل دینے کی فوری ضرورت ہے جو منصفانہ، مساوی اور غیر متنازعہ ہو، نہ کہ محض آمدنی بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے جیسا کہ پچھلی حکومتوں میں کیا گیا تھا، جس کا مطلب موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ کرنا تھا، اور اس سال کا بجٹ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ اصلاحات کی قبولیت میں ایک یا دو سال کا وقت لگے گا، اور اس دوران حکومت کے لیے ضروری ہے کہ: (i) اشرافیہ پر بجٹ سے خرچ کئے گئے اخراجات کو بڑے پیمانے پر کم کرے اور پنشن سسٹم میں اصلاحات کرے؛ اور (ii) پاکستان کے مسابقتی کمیشن کو مصنوعات تیار کرنے والی طاقتور ایسوسی ایشنز (جیسے ٹیکسٹائل، سیمنٹ، تمباکو وغیرہ) کے خلاف کارروائی میں چوکسی اختیار کرنی چاہیے، جو مقامی قیمتوں کا تعین کرنے، برآمدی سبسڈیز اور ٹیکس مراعات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سبسڈی یافتہ یوٹیلیٹیز کا فائدہ اٹھاتی ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف