ملک میں یکم جنوری 2025 سے پٹرول کی قیمت میں11 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 3.62 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔

آئندہ پندرہ دن کے لیے پٹرول کی قیمت 252 روپے 11 پیسے فی لٹر پر برقرار رہ سکتی ہے۔ تاہم 3 روپے 62 پیسے فی لٹر کے متوقع اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 259 روپے فی لٹر تک پہنچ سکتی ہے۔

مٹی کے تیل (ایس کے او) کی ایکس ڈپو قیمت موجودہ سطح 161 روپے 66 پیسے فی لٹر پر برقرار رہ سکتی ہے، لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت 3.03 روپے فی لٹر اضافے سے 148.94 روپے سے بڑھ کر 151.97 روپے فی لٹر ہوسکتی ہے۔

توانائی کے ماہرین کے مطابق پٹرولیم پر پریمیم 8.69 ڈالر فی بیرل ہے۔ یہ حساب کتاب موجودہ پٹرولیم لیوی (پی ایل)، جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی)، اور صفر ایکسچینج ریٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اندرون ملک فریٹ ایکوالائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) پٹرول پر 7 روپے 92 پیسے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر 4 روپے 18 پیسے فی لٹر رہنے کی توقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پٹرول اور ایل ڈی او کی قیمت کے فرق کو آئی ایف ای ایم کے اندر ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) پٹرول اور ایل ڈی او کی قیمتوں میں فرق کا تعین کرے گی اور حتمی منظوری کے لیے 31 دسمبر 2024 (آج) کو وفاقی حکومت کو پیش کرے گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف