فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دسمبر 2024 ء کے دوران 1373 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 1225 ارب روپے جمع کرنے کا تخمینہ لگایا ہے جو تقریبا 148 ارب روپے کے شارٹ فال کو ظاہر کرتا ہے۔

عارضی ٹیکس وصولی کے اعداد و شمار 31 دسمبر 2024 کی رات دیر گئے دستیاب ہوں گے۔

ایف بی آر کو جولائی تا دسمبر (25-2024) کے دوران 6,009 ارب روپے کے ٹیکس جمع کرنے ہیں، تاہم ایف بی آر کا تخمینہ ہے کہ وہ تقریبا 5,500 ارب روپے جمع کرے گا، جو 509 ارب روپے کے شارٹ فال کو ظاہر کرتا ہے۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال 25-2024 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 4 ہزار 295 ارب روپے جمع کیے جبکہ رواں مالی سال کے جولائی تا نومبر کے لیے 4 ہزار 639 ارب روپے مقرر کیے گئے تھے جو 344 ارب روپے کے شارٹ فال کو ظاہر کرتا ہے۔

رواں مالی سال میں یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہوگا جہاں ماہانہ ٹیکس وصولی کے اہداف پورے نہیں کئے جاسکے۔

ایف بی آر نے جولائی 2024 میں 996 ارب روپے جمع کیے، جو 985 ارب روپے کے ہدف سے زیادہ تھے۔ اگست 2024 میں 898 ارب روپے کے ماہانہ ہدف کے مقابلے میں 782 ارب روپے کی وصولی ہوئی۔ ستمبر 2024 میں 1,098 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1,106 ارب روپے جمع کیے گئے۔ اکتوبر 2024 میں 980 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 878 ارب روپے کی وصولی ہوئی، جبکہ نومبر 2024 میں 1,003 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 855 ارب روپے جمع کیے گئے۔

مالی سال 25-2024 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں مجموعی طور پر ریونیو شارٹ فال تقریبا 500 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف