اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کمیٹیوں کا ان کیمرہ اجلاس 2 جنوری 2025 کو باضابطہ طور پر طلب کرلیا۔

اسپیکر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق حکمران اتحاد اور عمران خان کی قائم کردہ جماعت کے درمیان ملاقات جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی جس کا آغاز صبح 11 بجے ہوگا۔

رواں ماہ کے اوائل میں وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کی نمائندگی کرنے والی کمیٹیوں کے درمیان پہلا اجلاس اسپیکر کی زیر صدارت ہوا تھا۔

اس سے قبل عمران خان نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کا کام ’کسی سے بھی بات چیت‘ کرنا تھا، جو پارلیمانی مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے نقطہ نظر میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔ اس کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے حکمران اتحاد کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی۔

پارٹی کے اندر وسیع مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کی ٹیم نے آئندہ اجلاس میں حکومت کے سامنے صرف دو مطالبات پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا تھا کہ مذاکراتی ٹیم سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے تمام ارکان مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کے مطالبات ”واضح“ ہیں جن میں پی ٹی آئی کے بانی کی رہائی اور کمیشن کا قیام شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو آگے لے جانے میں تعاون کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

Comments

200 حروف