بزنس ریکارڈر گروپ کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو ارشد اے زبیری کو پیر کے روز کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وہ گزشتہ روز 72 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے ۔ ان کے انتقال پر ملک بھر اور بیرون ممالک سے تعزیت کا اظہار اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ارشد زبیری کی پاکستان میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے شعبے میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

سابق صدر عارف علوی، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین، صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر سید احمد شاہ سمیت کاروباری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے ڈیفنس کے علاقے زمزمہ پارک کے قریب نور الاسلام مسجد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارشد زبیری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ارشد زبیری نے صحافت کے ذریعے معاشرے کی بہتری اور معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ارشد زبیری کا کیریئر صحافت اور اشاعت میں کئی دہائیوں پر محیط ہے۔

اپنے والد ایم اے زبیری، پاکستان میں بزنس اور فنانشل جرنلزم کے بانی، کے قائم کردہ بزنس ریکارڈر نے ارشد زبیری کی قیادت میں کئی گنا ترقی کی ہے۔

انہوں نے متعدد بار آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دور میں اے پی این ایس اخبارات کے اشتہارات کے لئے ایک موثر کلیئرنگ ہاؤس بن گیا۔

اے پی این ایس کے سیکریٹری جنرل سرمد علی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ارشد بہترین انسانوں میں سے ایک تھے جنہیں مجھے جاننے کا موقع ملا۔ اللہ ان کی روح کوغریق رحمت کرے۔

 ۔
۔

ارشد زبیری پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) جو ٹیلی ویژن اور ریڈیو براڈکاسٹرز کی نمائندہ ادارہ ہے، کے بانی رکن اور پہلے سیکرٹری جنرل بھی تھے۔

پی بی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشد زبیری بورڈ کے انتہائی قابل احترام رکن تھے اور پی بی اے کی ایگزیکٹو کمیٹی میں اپنے مختلف ادوار کے دوران انہوں نے براڈکاسٹرز کو درپیش بہت سے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر توانائی سندھ ناصر شاہ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید بلوانی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن نے بھی ارشد زبیری کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Comments

200 حروف