ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی پولیس جاوید عالم اوڈھو نے پیر کے روز کہا کہ دھرنا مظاہرین کے ساتھ بات چیت مکمل ہوگئی ہے اور آج رات تک شہر بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس اب تک نرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن جو لوگ منتشر ہونے سے انکار کریں گے ان سے اب قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

پولیس چیف نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں ہے کیونکہ اس سے عوام کو کافی تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر غروب آفتاب تک سڑکوں سے دھرنے ختم نہ کئے گئے تو علاقے کی پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے سخت اقدامات کرے گی۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ناتھاخان اور ملیر 15 سمیت شہر بھر میں 13 مقامات پر دھرنے پہلے ہی ختم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اہم سڑکیں کھولنے پردھرنا مظاہرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے رہائشیوں نے 3 روز تک مشکلات کا سامنا کیا اور مزید رکاوٹیں برداشت نہیں کرسکتے۔

جرائم پر قابو پانا

ایڈیشنل آئی جی نے آئے روز جرائم پیشہ افراد کے ساتھ پولیس مقابلوں پر روشنی ڈالی، جن میں شاہین فورس، مدد گار 15 اور مقامی پولیس جیسی یونٹس شامل ہیں۔

جاوید عالم اوڈھو نے یقین دلایا کہ یہ مقابلے جائز ہیں جبکہ انہوں نے اعتراف کیا کہ مبینہ جعلی مقابلوں کے الگ الگ واقعات کبھی کبھار سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب اس طرح کے معاملے سامنے آتے ہیں تو ہم فوری کارروائی کرتے ہیں اور اس طرح کے طریقوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔

انہوں نے جرائم کے اعداد و شمار بھی شیئر کیے، جس میں انکشاف کیا گیا کہ رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 104 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ پولیس کارروائیوں کے دوران 190 جرائم پیشہ افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے شہریوں کو نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ کراچی پولیس نے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔

Comments

200 حروف