کرم ایجنسی میں گرینڈ جرگہ (قبائلی کونسل) کے کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہنے کے بعد صورتحال میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ دریں اثنا جاری مذاکرات میں تعطل کے باعث کراچی بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوگئے ہیں جبکہ مظاہرین نے اہم سڑکوں کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

اس وقت مظاہرین نے شہر کے 12 مختلف مقامات پر سڑکیں بند کر رکھی ہیں۔ شہریوں کو گھرپہنچنے اور کام پرجانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہروں کے نتیجے میں کئی اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے متبادل سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔

بعد ازاں ملیر 15 اور نیشنل ہائی وے پر دھرنا دوبارہ شروع کردیا گیا جسے پہلے ختم کردیا گیا تھا۔

کراچی میں مسلسل چوتھے روز بھی احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں نیشنل ہائی وے پر ملیر 15، نمائش چورنگی، شارع فیصل، ناتھا خان، گولیمار اور انچولی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ابو الحسن اصفہانی روڈ، عباس ٹاؤن، فائیو اسٹار چورنگی، سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے فلیٹس، عائشہ منزل اور گلستان جوہر کامران چورنگی پر بھی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ احتجاج کی وجہ سے کئی اہم سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک میں نمایاں خلل پڑا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہجوم کو کم کرنے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔

  • ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی: دونوں ٹریک بند ہیں، ٹریفک کو پیپلز چورنگی اور گرو مندر سے سولجر بازار کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

  • ابوالحسن اصفہانی روڈ: عباس ٹاؤن کے قریب سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک بند ہے، ٹریفک پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک کی طرف موڑ دی گئی ہے۔

  • نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی: احتجاج کے باعث سروس روڈ کے ذریعے ٹریفک کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

  • شارع فیصل: کالا پل کے قریب جاری احتجاج کے باعث ٹریفک کا رخ کارساز، ڈرگ روڈ، ملینیم مال اور جوہر چورنگی کی طرف موڑ دیا گیا۔

  • ملیر: ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا، کلفٹن اور ڈیفنس سے ایئرپورٹ جانے والی ٹریفک سنگر چورنگی اور شاہ فیصل کالونی روڈ استعمال کر سکتی ہے۔ شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل کالونی پل تک رسائی بھی کھلی ہے۔

  • نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج: دونوں پٹریوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا لیکن بعد میں دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ٹریفک کا رخ ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی کی طرف موڑا جا رہا تھا جبکہ منزل پمپ، یونس چورنگی اور داؤد چورنگی پر راستے کھلے تھے۔

  • انچولی سے سہراب گوٹھ: یہ ٹریک بدستور بند ہے اور ٹریفک کو واٹر پمپ چورنگی سے کارڈیو اسپتال اور گلبرگ چورنگی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

  • کامران چورنگی: سڑک بند ہے، محکمہ موسمیات کے ذریعے یونیورسٹی روڈ اور منور چورنگی تک متبادل راستے دستیاب ہیں۔

  • ناظم آباد چورنگی: دونوں ٹریک بند ہیں اور ٹریفک کو لسبیلہ سے تین ہٹی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

  • نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ ایریا: اس علاقے کے آس پاس کی سڑکیں بند ہیں، ٹھٹھہ لنک روڈ اور پورٹ قاسم کے ذریعے متبادل راستے دستیاب ہیں۔

Comments

200 حروف