وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نے چینی انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدوں پر دوبارہ بات چیت شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی چینی آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے، صرف اس کوشش کے نتیجے میں بجلی کے نرخوں میں 1.25 روپے فی یونٹ کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی تجدید کے تمام فوائد صارفین تک پہنچائے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لغاری نے گزشتہ 9 ماہ کے دوران توانائی کے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ چار سالوں میں توانائی کے شعبے کے بحران کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
بچت پر روشنی ڈالتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت نے پانچ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کردیے ہیں، اس کے نتیجے میں 411 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
مزید برآں شوگر ملز کی ملکیت والے 8 بگاس پلانٹس کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے 238 ارب روپے کی بچت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جامع اقدام کے طور پر کام کیا اور تقریبا 650 ارب روپے کی بچت کی۔ اس کے علاوہ، 16 مزید آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات، جس کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جائے گا، سے مزید 421 ارب روپے کی بچت کی توقع ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ وزارت توانائی صنعت کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ڈسکوز کے نقصانات گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے اختتام تک نقصانات میں 50 فیصد کمی آئے گی۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ وزارت خزانہ کے تعاون سے توانائی کے شعبے میں قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ یہ ایک اہم قدم ہے جس پر کامیابی سے عمل درآمد کیا جاتا ہے تو بجلی صارفین پر بوجھ کم ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نیا انڈیکٹو جنریشن کیپسٹی ایکسپنشن پلان (آئی جی سی ای پی) آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی خرید و فروخت کے لئے ایک کمپنی قائم کی گئی ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں ای وی پالیسی کی منظوری کی توقع ہے۔
وزیر توانائی نے تسلیم کیا کہ ملک میں ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر کی کمی ہے۔ اس وقت یہ چارجنگ اسٹیشنز 71 روپے فی یونٹ پر بجلی فروخت کر رہے ہیں جسے کم کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں اویس لغاری نے بجلی کی مجموعی طلب میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے بارے میں سنگین خدشات ہیں اور یہ کمی بجلی کے نرخوں میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی سے طلب میں بہتری آئے گی۔
Comments