پاکستان

عمران خان ایک بہانہ ہیں، اصل ہدف پاکستان کا جوہری پروگرام ہے، بلاول بھٹو

  • بیرون ممالک کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہئے، رچرڈ گرینیل کی ٹویٹ پر ردعمل
شائع December 27, 2024
Imran just an excuse, real target is Pakistan’s nuclear programme, says Bilawal

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ بین الاقوامی طاقتیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی حمایت کے بہانے پاکستان کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت نے چند روز قبل پاکستان کی چار تنظیموں پر پابندیاں عائد کی ہیں جن میں ریاستی زیر ملکیت فضائی و دفاعی ایجنسی - نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس (این ڈی ڈسی) بھی شامل ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں تعاون کر رہی تھیں۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون رچرڈ گرینیل کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر کی گئی ٹویٹس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکی قانون سازوں کا پاکستان میں جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کا اصل ہدف پاکستان کا جوہری اور میزائل پروگرام ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان کے جوہری پروگرام کے خلاف بیانات جاری کر رہے تھے وہ اب عمران خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایک مخصوص لابی حکومت کی تبدیلی چاہتی ہے اور پاکستان میں ایک ایسی حکومت قائم کرنا چاہتی ہے جو جوہری پروگرام سمیت کسی بھی چیز پر معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 30 سالہ سیاسی جدوجہد نے تاریخ میں جگہ بنائی ہے۔

بلاول نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو نے کبھی نظریے پر سمجھوتہ نہیں کیا، وہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی نمائندہ تھیں۔

Comments

200 حروف