وفاقی کابینہ نے بااثر سیاستدانوں کے دباؤ کے باوجود ایلیٹ کی جانب سے درآمد کی جانے والی ونٹیج کاروں کو امپورٹ پالیسی آرڈر (آئی پی او) سے مستثنیٰ قرار دینے سے انکار کردیا۔
تفصیلات شیئر کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ وزارت تجارت نے 10 دسمبر 2024 کو وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا کہ اس نے کابینہ کمیٹی کی ہدایات پر 25 جولائی 2023 کو ایک سمری وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی تھی، جس میں 11 اکتوبر 2022 کو تشکیل دی گئی کمیٹی کی طرف سے درآمد/برآمد سے متعلق شرائط/پابندیوں میں نرمی کی تجویز دی گئی تھی، تاکہ تمام وِنٹیج گاڑیوں کی ایک مرتبہ رہائی کی اجازت دی جا سکے جو مختلف بندرگاہوں پر پھنس گئی ہیں، بشرطیکہ ایف بی آر کے ایس آر او 833(1)/2018 کے تحت ڈیوٹیز کی ادائیگی کی جائے، اور اضافی سرچارج 10 فیصد لاگو ڈیوٹیز کے حساب سے وصول کیا جائے۔ تاہم، یہ تجویز 9 اگست 2023 کو وفاقی کابینہ نے منظور نہیں کی تھی۔
کابینہ کو مزید آگاہ کیا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے 13 نومبر 2024 کو آئینی درخواست نمبر ڈی-7029/2021 بعنوان سلمان طالب الدین بمقابلہ فیڈریشن آف پاکستان اور آئینی درخواست نمبر ڈی-452/2022 بعنوان محمد علی بمقابلہ فیڈریشن آف پاکستان میں اپنے حکم میں کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو دوبارہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے تاکہ وِنٹیج گاڑیوں کی ایک مرتبہ درآمد کی اجازت دینے پر غور کیا جاسکے اور تین ہفتوں کے اندر ”اسپیکنگ آرڈر“ جاری کیا جائے جس میں وجوہات بیان کی جائیں۔
اس معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت میں بھی بحث کی گئی تھی، جہاں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وزارت تجارت پر زور دیا کہ وہ دوبارہ اس سمری کو کابینہ کے سامنے پیش کرے۔
وزارت تجارت نے کابینہ کو کیس کے پس منظر کی وضاحت کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ مئی 2018 میں وزارت تجارت نے وِنٹیج گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کے لیے سمری کابینہ کے سامنے رکھی تھی۔ تاہم، چونکہ ضروری ایس آر او کو وزارت قانون و انصاف سے منظوری نہیں ملی تھی، اس لیے وزارت تجارت کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس سمری کو اگلی منتخب حکومت کے سامنے پیش کرے۔
تاہم 03 جولائی 2018 کو ایف بی آر نے ایس آر او 833(1)/2018 جاری کیا جس کے تحت ونٹیج یا کلاسک کار کی درآمد پر مجموعی طور پر 5000 ڈالر فی یونٹ ڈیوٹی مقرر کی گئی تھی۔ تاہم وزارت تجارت کے امپورٹ پالیسی آرڈر (آئی پی او) میں پرانی کاروں کی درآمد پر پابندی کی وجہ سے یہ تجویز کبھی بھی نافذ نہیں ہوسکی ہے۔
جنوری 2019 میں وزارت تجارت نے ای سی سی کے لیے ایک سمری پیش کی تھی جس میں پرانے کاروں کی درآمد کی اجازت دینے کے لیے آئی پی او میں ترمیم کی تجویز دی گئی تھی۔
تاہم، وزارت تجارت کی تجویز کو منظور نہیں کیا گیا۔ وِنٹیج گاڑیوں کے درآمد کنندگان نے اپنی گاڑیوں کی رہائی کے لیے مختلف ہائی کورٹس سے رجوع کیا تھا، جس پر کچھ عدالتوں نے رہائی کا حکم دیا، جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے ایک بڑے بنچ نے یہ ہدایت دی کہ وفاقی کابینہ ان درخواستوں پر ’ایک مرتبہ کی رعایت‘ دینے کے لیے غور کرے۔
وزارت تجارت نے مزید کہا کہ 3 جولائی 2018 کو جاری ہونے والا ایس آر او 833(1)/2018 7 مارچ 2022 کو واپس لے لیا گیا تھا۔ اس کے بعد، سندھ ہائی کورٹ نے 3 اپریل 2023 کو اپنے حکم میں وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ وہ کابینہ کے سامنے اس معاملے کو دوبارہ پیش کرے تاکہ 27 اکتوبر 2021 اور 3 اپریل 2023 کے فیصلے کی روشنی میں اس پر ”اسپیکنگ آرڈر“ کے ذریعے فیصلہ کیا جا سکے۔
اس کے مطابق یہ معاملہ 20 جولائی 2023 ء کو کابینہ کمیٹی برائے درآمد و برآمد سے متعلق شرائط/پابندیوں میں نرمی کے لیے پیش کیا گیا جس پر کمیٹی نے یہ معاملہ مندرجہ ذیل سفارشات کے ساتھ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی:
(1) اصولی طور پر یہ فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ 3 جولائی 2018 سے 7 مارچ 2022 تک درآمد کیے گئے تمام ونٹیج گاڑیوں کی ایک بار درآمد کلیئرنس کی اجازت دی جائے،(جب ایس آر او 833/2018 کو 07 مارچ 2022 کے ایس آر او 400 (1)/2022 کے ذریعے منسوخ کر دیا گیا تھا)۔ اور
(2) ان گاڑیوں کی ایک بار درآمد کی اجازت ایس آر او 833/2018 کے تحت فراہم کردہ ڈیوٹیز کی ادائیگی سے مشروط ہوگی جس میں قابل اطلاق ڈیوٹیز کے 10 فیصد کی شرح سے اضافی سرچارج ہوگا۔
کابینہ نے وزارتِ تجارت کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر ہونے والی تفصیلی بحث کے دوران سندھ ہائی کورٹ کی 27 اکتوبر 2021، 3 اپریل 2023 اور 13 نومبر 2024 کی فیصلوں میں شامل مشاہدات اور ہدایات کا بغور جائزہ لیا۔
کابینہ نے ایف بی آر کے ایس آر او 833(1)/2018 کی وجہ سے آئی پی او کے تحت پرانی گاڑیوں کی درآمد پر پابندی کے حوالے سے پیدا ہونے والی واضح بے قاعدگیوں پر بھی غور کیا۔ کیس پر تفصیلی بحث کے بعد کابینہ نے یہ مشاہدہ کیا کہ اگرچہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کا پورا احترام کیا جاتا ہے، لیکن کابینہ کا متفقہ خیال تھا کہ وزارتِ تجارت کی جانب سے پیش کردہ تمام پرانی گاڑیوں کی ایک مرتبہ کی درآمد کلیئرنس کو درج ذیل وجوہات کی بنا پر اجازت نہیں دی جا سکتی۔
(1) ایف بی آر کی جانب سے 3 جولائی 2018 کو جاری کردہ ایس آر او 833(1)/2018 میں صرف ان ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی نشاندہی کی گئی ہے جو پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت ملنے کی صورت میں وصول کیے جائیں گے۔
(2) کوئی چیز درآمد کرنے کی اجازت ہے یا نہیں، درآمدی پالیسی کے حکم کے دائرہ کار میں آتا ہے، جس میں کسی بھی چیز کی درآمد کی اجازت کی وضاحت کی گئی ہوتی ہے۔
(3) اس طرح ایف بی آر کے ایس آر اوز میں کسی درآمدی شے پر ڈیوٹی یا ٹیکس کی سادہ وضاحت خود بخود ایسی شے کی درآمد کی اجازت کا مطلب نہیں ہے۔
(4) متعلقہ پرانی گاڑیاں اس وقت کی موجودہ درآمدی پالیسی کے تحت ان کی درآمد پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے درآمد کی گئی تھیں، اور صرف اس بات کا حقیقت ہونا کہ وہ درآمد کی گئی ہیں، درآمد کنندگان کو ان کی درآمد کی اجازت دینے کا حق فراہم نہیں کرتا، اور نہ ہی خلاف ورزی کے عذر کو تسلیم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد ہے۔
کابینہ نے سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو بھی سراہا جس میں کابینہ کو اس معاملے پر غور و خوض کا ایک اور موقع دیا گیا ہے۔
منٹس میں درج وجوہات پر تفصیلی بحث کے بعد سمری میں تجویز کی منظوری نہیں دی گئی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments