ایف بی آر کی آپریشنلائزیشن، وفاقی کابینہ نے ’این ٹی سی‘ کے قیام کی منظوری دیدی
- نیشنل ٹارگیٹنگ سینٹر (این ٹی سی) جیسے ٹیکنالوجی سے لیس پلیٹ فارم باہمی تعاون سے بین الایجنسی سرحدی کنٹرول اور سرحد پار نقل و حرکت کو آسان بنانے کیلئے اہم ہیں۔
باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹارگیٹنگ سینٹر (این ٹی سی) کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اس کے جلد آپریشنل ہونے کے لئے مطلوبہ معاونت فراہم کرنا ہے۔
ایک حالیہ اجلاس میں ریونیو ڈویژن نے وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا کہ بارڈر کنٹرول کے نفاذ کے روایتی طریقے اب ملکی حدود میں داخل ہونے یا باہر جانے والے سامان، مسافروں اور گاڑیوں کی آمد و رفت کے بڑھتے ہوئے حجم سے مطابقت نہیں رکھتے۔
نیشنل ٹارگیٹنگ سینٹر (این ٹی سی) جیسے ٹیکنالوجی سے لیس پلیٹ فارم، جس نے باہمی تعاون سے بین الایجنسی سرحدی کنٹرول کو آسان کیا تھا، سرحد پار نقل و حرکت کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ بہتر نفاذ میں بھی اہم ہو رہے تھے۔
منشیات اور جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر (یو این او ڈی سی) کے مطابق ، این ٹی سی “مسافروں اور سامان کی نقل و حرکت سے متعلق ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ترجیح دینے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس تجزیہ کا استعمال کرتا ہے۔
جامع خطرے کے جائزے کے ذریعے، یہ سرحدی کنٹرول ایجنسیوں کو موثر طریقے سے وسائل مختص کرنے، شدید خطرے والے اہداف کا مؤثر طریقے سے جواب دینے اور مختلف سرکاری ایجنسیوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے قابل بناتا ہے۔ این ٹی سی کے ذریعے کسٹمز، ایف آئی اے، امیگریشن، اے این ایف اور دیگر ایل ای اے جیسے مختلف اداروں کو اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم کی موثر روک تھام کے لیے مربوط ٹارگٹنگ کے لیے معلومات اور پروفائلز کا تبادلہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔
کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ عالمی سطح پر این ٹی سیز کی میزبانی اور انتظام کسٹم انتظامیہ کی جانب سے ’سرکردہ ایجنسیوں‘ کے طور پر کیا جاتا ہے کیونکہ ان کے وسیع تر انسداد اسمگلنگ مینڈیٹ اور زمین، سمندر اور ہوا میں افراد اور سامان کی سرحد پار نقل و حرکت پر دائرہ اختیار ہے۔ اکثر، یہ مراکز ملٹی ایجنسی شراکت کے لئے ضروری پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں، جس سے مختلف ایجنسیوں کو ان کے متعلقہ رابطہ افسران کے ذریعے فزیکل طور پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے قابل بنایا جاتا ہے.
ریونیو ڈویژن نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کسٹمز نے مرکزی ایجنسی کی حیثیت سے پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کو کامیابی سے نافذ کیا ہے، جس نے انٹیگریٹڈ رسک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے دیگر سرکاری اداروں کو بین الاقوامی تجارت میں اپنے متعلقہ خطرات کو نشانہ بنانے کی اجازت دی ہے۔ اس نظام کو پاکستان میں این ٹی سی کے بروقت قیام میں ایک اہم ستون کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مزید برآں 17 اکتوبر 2019 کو وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد اسمگلنگ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایف بی آر کو انسداد اسمگلنگ/تجارتی ڈیٹا کو مرکزی ڈیٹا بیس میں ضم کرنے کا ٹاسک تفویض کیا گیا تھا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر ترقیاتی شراکت داروں کی تکنیکی معاونت سے این ٹی سی کے لیے کسٹمز ونگ کے تحت ایک خصوصی پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بین الاقوامی بہترین طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے مذکورہ پی ایم یو این ٹی سی کے قیام کے لئے ایک تفصیلی پروجیکٹ ڈیزائن دستاویز تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے گا جس میں قانونی فریم ورک ، گورننس اور آپریشنل سیٹ اپ کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) پلیٹ فارم بھی شامل ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں 24 اگست 2024 کو ایک بین الوزارتی اجلاس منعقد کیا جا چکا ہے جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments