وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے استنبول میں ترک ایوان صدر میں ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فرحتین التون سے ملاقات کی جس میں میڈیا تعاون کو مضبوط بنانے، عوامی سفارتکاری کے فروغ اور اسلاموفوبیا اور غلط معلومات کا مقابلہ کرنے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے پی ٹی وی اور ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن ٹی آر ٹی کے درمیان مشترکہ نشریات پر اتفاق کیا جس میں پاکستان میں مقبول ترک ڈراموں کی نشریات بھی شامل ہیں۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات اور ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی معاہدہ طے پایا ہے جس میں دونوں جانب سے فوکل پرسنز نامزد ہوں گے۔
اپنے خطاب میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس طرح کے تعاون سے عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں تفریح اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ مشترکہ منصوبوں کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مشترکہ پروڈکشن سے دونوں ممالک کی ثقافتوں کے تبادلے کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کے بارے میں نوجوانوں میں شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔
پروفیسر فرحتین التون نے پاکستان میں میڈیا کی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ ترک ڈرامے ارطغرل غازی نے پاکستان میں نمایاں مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکی میں پاکستانی فنکاروں اور موسیقاروں کو بہت سراہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون سے اسلاموفوبیا اور غلط معلومات کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔
Comments