قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں محمد عامر نے کہا کہ بہت سوچ بیچار کے بعد میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے کبھی آسان نہیں ہوتے لیکن یہ ناگزیر ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ وقت ہے کہ اگلی نسل کرکٹ کی باگ ڈور سنبھالے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچائے، میں بھرپور سپورٹ کے لیے پی سی بی اپنے دوست اور اہلخانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اعلامیہ میں دونوں کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم کا پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کے لیے تہہ دل سے شکرگزار ہیں اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔’
گجر خان سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ محمد عامر نے جون 2009 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔ محمد عامر نے تینوں فارمیٹ میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1179 رنز بنائے۔
35 سالہ عماد وسیم نے مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف ڈیبیو کیا اور اس کے بعد پاکستان کی طرف سے 55 ایک روزہ اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے 130 میچز میں 117 وکٹیں حاصل کیں اور 1,540 رنز اسکور کیے۔
Comments