اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی۔
خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے دونوں پر فرد جرم عائد کی۔
ایف آئی اے نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بلغاری زیورات کا سیٹ سعودی عرب سے حاصل کیا اور توشہ خانہ میں سیٹ جمع نہ کرایا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق ان اشیاء کی مالیت 7 کروڑ 15 لاکھ روپے ہے تاہم ملزمان نے نجی فرم سے اس کی قیمت 58 لاکھ روپے حاصل کی۔
عمران اور بشریٰ دونوں نے ان الزامات سٓے انکار کردیا۔
اکتوبر میں عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت بھی منظور کی تھی جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
20 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے مذکورہ کیس میں سابق وزیراعظم کی ضمانت منظور کی تھی۔
تاہم پی ٹی آئی کے بانی اب بھی دیگر مقدمات میں قید ہیں۔
گزشتہ ہفتے عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں پر 9 مئی 2023 کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پر حملے سے متعلق کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی کے بانی کے علاوہ شیخ رشید احمد، شیخ اسد شفیق، راجہ بشارت، زرتاج گل اور 100 دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔
پی ٹی آئی کے بانی اور دیگر ملزمان نے الزامات سے انکار کیا تھا۔
Comments