کاروبار اور معیشت

ملکی معاشی مسائل حل ہوچکے، محمد اورنگ زیب

شائع December 12, 2024 اپ ڈیٹ December 12, 2024 12:23pm
Muhammad Aurangzeb addresses the second International Islamic Capital Markets Conference & Expo

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہے، انہوں نے سکوک جیسے شریعہ بانڈز کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے اہم مالیات حاصل کرنے کی کوششوں کا اشارہ دیا۔

کراچی میں دوسری انٹرنیشنل اسلامک کیپٹل مارکیٹس کانفرنس اینڈ ایکسپو سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو حالیہ برسوں میں معاشی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔

تاہم ان مسائل کو حل کر لیا گیا ہے، اب ہم میکرو اکنامک استحکام کی طرف صحیح سمت پر گامزن ہیں اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیاتی آلات جیسے سکوک اور شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے ذرائع “اہم ہیں تاکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور غربت کے خاتمے جیسے اہم شعبوں کے لیے اسلامی مالیات کے ذریعے مالی وسائل کو متحرک کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کے ساتھ پاکستان اسلامک فنانس کے ایک اہم عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی نظام کو تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان نہ صرف اسلامی مصنوعات کے ذریعے نئی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پرعزم ہے بلکہ شرح سود کے قرضوں پر انحصار کم کرنے کے لئے بھی پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں 56 فیصد مارکیٹ کیپٹلائزیشن شریعت کے مطابق سیکیورٹیز پر مشتمل ہے۔ سرمایہ کاری کے شعبے میں میوچل فنڈز کے زیر انتظام 48 فیصد اثاثے شریعت کے مطابق ہیں۔ رضاکارانہ پنشن فنڈز کے انتظام کے تحت 66 فیصد فنڈز اور آر ای آئی ٹی (رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ) میں 95 فیصد اثاثے شریعت کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کے اسلامی کیپیٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے اور ملک کی اقتصادی نظام کو شرعی اصولوں کے مطابق تبدیل کرنے کی پختہ لگن کو ظاہر کرتی ہے۔

کانفرنس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے کہا کہ پاکستان کے بھاری قرضوں کو شریعت کے مطابق مصنوعات میں تبدیل کرنا متعلقہ حکام کے لئے بڑا چیلنج ہے۔

Comments

200 حروف