آسٹریلیا کیخلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کی تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادار کرنے والے فاسٹ بالر حارث رؤف کو نومبر 2024 کا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 22 سال میں پہلی ون ڈے سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رؤف نے نومبر میں 18 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے بھارت کے جسپریت بمراہ اور جنوبی افریقہ کے مارکو جینسن کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 31 سالہ کھلاڑی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 3 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی۔ حارث رؤف نے ایڈیلیڈ میں شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

آئی سی سی نے کہا کہ حارث رؤف کے اسپیل، جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے کیریئر میں دوسری بار پانچویں وکٹیں لیں، میں میزبان ٹیم صرف 163 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے اس شاندار نو وکٹوں کی فتح کے ساتھ سیریز میں واپسی کی۔

فیصلہ کن تیسرے ایک روزہ میچ میں دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر نے مزید دو وکٹیں حاصل کیں اور یوں پاکستان نے یہ میچ جیتنے کے بعد سیریز میں بھی فتح حاصل کرلی جبکہ حارث رؤف کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس کے بعد تین ٹی 20 میچز میں رؤف نے پانچ مزید وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے سڈنی میں چار وکٹیں حاصل کرکے چوتھی بار کیریئر میں کسی ایک میچ کے دوران چار وکٹیں مکمل کیں۔

رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کے دورہ زمبابوے میں بھی انہوں نے مزید تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان نے اس سیریز میں 1 کے مقابلے میں دو فتوحات کے ساتھ سیریز جیتی تھی۔

Comments

200 حروف