وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیر کے روز متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ شامی بحران کے دوران وطن واپس آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے فوری قابل عمل منصوبہ تیار کریں اور انہیں ہمسایہ ممالک کے ذریعے جلد از جلد وطن واپس لایا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں شام کی صورتحال اور وہاں موجود پاکستانیوں کے محفوظ انخلا پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شام سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، شام میں پاکستانیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانیوں کی سہولت کے لیے انفارمیشن ڈیسک اور ہیلپ لائن قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک سلامتی کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی، وزارت خارجہ کے کرائسس مینجمنٹ یونٹ اور شام اور اس کے ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں انفارمیشن ڈیسک 24 گھنٹے فعال رہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔
Comments