پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کلاچی کے علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ طورپر موجود کسی بھی دوسرے ”خرجی“ کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے ، کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
2021 میں افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان میں عسکریت پسندی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، تحریک کی پاکستانی شاخ زیادہ تر سیکورٹی فورسز کو ہدف بنا کر حملے کرتی ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور خیبر میں دو مختلف کارروائیوں میں فرنٹیئر کور کا ایک کیپٹن اور ایک فوجی جوان شہید ہوا تھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتارنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔
Comments