پاکستان کی فوڈ مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرنے والے کمپنی مچل فروٹ فارمز لمیٹڈ (ایم ایف ایف ایل) نے اعلان کیا ہے کہ اس کے دو بڑے شیئر ہولڈرز سیدہ میمنت محسن اور سیدہ متانت غفار نے سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو اپنے حصص کی فروخت کے حوالے سے بات چیت میں آگے نہ بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ مچل فروٹ فارمز لمیٹڈ کو اس کے دو اہم شیئر ہولڈرز سیدہ میمنت محسن اور سیدہ متانت غفار کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے کہ انہوں نے سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کی جانب سے اپنے حصص کے حصول کے حوالے سے بات چیت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ پیشرفت ایم ایف ایف ایل کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کردہ ایک پیشگی نوٹس کے بعد سامنے آئی ہے جس میں ایم ایف ایف ایل کے جاری کردہ حصص کے سرمائے کا 40 فیصد سے زیادہ حصص رکھنے والے شیئر ہولڈرز نے اسٹریٹجک آپشنز تلاش کرنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا، جس میں ان کے پورے حصص کی ممکنہ فروخت بھی شامل تھی۔

مچل فروٹ فارمز لمیٹڈ (ایم ایف ایف ایل) نے اس وقت ایک نوٹس میں کہا تھا کہ سیدہ میمنت محسن اور سیدہ متانت غفار (شیئرہولڈرز)، جو کمپنی کے جاری کردہ شیئر کیپٹل کا مجموعی طور پر 40.63 فیصد رکھتے ہیں، کمپنی میں اپنی سرمایہ کاری سے متعلق مختلف حکمت عملی کے اختیارات کا جائزہ لے رہے ہیں، جن میں اپنے تمام حصص کی ممکنہ فروخت بھی شامل ہے۔

مذکورہ اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی سی سی ایل فارماسیوٹیکلز کے ماتحت ادارے سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے فارم اور کنفیکشنری مصنوعات کے پاکستانی مینوفیکچرر میں 50 فیصد حصص حاصل کرنے اور کنٹرولنگ دلچسپی کا اظہار کیا۔

ایم ایف ایف ایل کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق مالی سال 25 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے 15.3 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 11.1 ملین روپے کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔

اس کے نتیجے میں کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) مالی سال 25 کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 0.67 روپے ہوگئی جو مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 0.49 روپے تھی۔

مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ کی ایک تاریخ ہے جو 1933 سے شروع ہوتی ہے۔ آزادی کے بعد کمپنی کا نام انڈین میلڈورا فروٹ فارمز سے بدل کر مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ کردیا گیا۔

کمپنی 1993 میں عوامی ہوئی اور 1996 میں اسٹاک ایکسچینج میں درج کی گئی۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی مختلف فارم اور کنفیکشنری مصنوعات کی مینوفیکچرنگ اور فروخت ہے جن میں مشروبات، کیچپ اور ساسز، مربے اور تیار کھانے کی مصنوعات شامل ہیں۔

Comments

200 حروف