وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 8 روزہ دورے پر چین پہنچ گئیں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 8 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئیں، وہ چین کا دورہ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون وزیراعلیٰ بن گئیں۔
بیجنگ ائیرپورٹ پہنچنے پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے 6 نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔
مریم نواز نے ہفتے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دورہ جدید انفرا اسٹرکچر کو آگے بڑھانے، صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے، تعلیم کو بہتر بنانے، صاف توانائی کے اقدامات کو فروغ دینے، آئی ٹی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اوراسموگ کے خاتمے پر مرکوز ہے۔
اس دورے کا اہتمام حکمراں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے بین الاقوامی ترقیاتی محکمہ کی دعوت پر کیا گیا تھا۔
سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور ایک اعلیٰ سطح کا وفد ان کے ہمراہ ہے۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بیجنگ، شنگھائی، شینزین اور گوانگژو کے دورے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز درآمدی اشیا کی نمائش میں شرکت اور سی پی سی سینٹرل کانگریس اور میوزیم کا دورہ کریں گی۔ وہ ایک پرائمری اسکول کا بھی دورہ کریں گی اور انہیں چین کے تعلیمی نظام کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ پنجاب چائنا ڈنر اور پنجاب انویسٹمنٹ کانفرنس بھی دورے کے شیڈول میں شامل ہیں۔
Comments