پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی پر جنوبی وزیرستان کے علاقے سرروغہ میں آپریشن کیا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں رنگ لیڈر خان محمد عرف کھوریہ سمیت دو خوارج مارے گئے جبکہ دو خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔
ہلاک ہونے والا دہشت گرد خان محمد علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دہشتگردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
بتایا گیا ہے کہ خان محمد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی 10 لاکھ روپے کی رقم مقرر کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع لکی مروت میں ایک اور آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
بیان کے مطابق علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
Comments