اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 62 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور یہ ذخائر29 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں 12 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ یہ بات اسٹیٹ بینک کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار میں بتائی گئی ہے۔

ملک کے کل مائع زرمبادلہ کے ذخائر 16.62 ارب ڈالر رہے۔ کمرشل بینکوں کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر 4.58 ارب ڈالر رہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ بنیادی طور پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 50 کروڑ ڈالر منتقل کیے جانے کی بدولت ہوا ہے۔

مذکورہ رقوم کی منتقلی کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر ڈھائی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ مرکزی بینک کے ڈالر کے ذخائر آخری بار 25 مارچ 2022 کو 12 ارب ڈالر سے اوپر ریکارڈ کیے گئے تھے۔

گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 13کروڑ 10لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

رواں سال اکتوبر میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی لانے کے لیے پالیسی پر مبنی 50 کروڑ ڈالر کے قرضے کی منظوری دی تھی۔

اے ڈی بی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام (سی ڈی آر ای پی) منصوبہ بندی، تیاری اور ردعمل کے لیے پاکستان کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرے گا جبکہ آفات کے خطرات میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے جامع سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا اور خطرات کی سطح کے نقطہ نظر کا استعمال کرتے ہوئے خطرات میں کمی کیلئے مالی اعانت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ اسے سی ڈی آر ای پی کے لیے قرض کی مد میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوئے ہیں اور یہ رقم 29 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگی۔

Comments

200 حروف