پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4 دسمبر 2024 کو سیکورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

افوج پاکستان کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پرموثرکارروائی کی جس کے نتیجے میں 5 خوارج کوجہنم واصل کردیا گیا جبکہ اس دوران 2 خوارج زخمی بھی ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے ۔

ایوان وزیراعظم سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے رواں سال اکتوبر تک انٹیلی جنس بیسڈ 7 ہزار 984 آپریشنز میں 206 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

اجلاس کے دوران سوشل میڈیا پرکالعدم دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے دہشت گرد گروہوں کے اکاؤنٹس بلاک کیے جائیں گے جب کہ صوبے غیر قانونی سموں کا استعمال روکنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں گے۔

Comments

200 حروف