پاکستان

انٹرنیٹ کی بندش: آئی ٹی سیکٹر کو فی گھنٹہ 10 لاکھ ڈالر کا نقصان: پاشا

سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفی نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے پاکستان کے...
شائع 04 دسمبر 2024 11:23am

سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفی نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فی گھنٹہ 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے 15 ارب ڈالر آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنا مارکیٹ تک رسائی، انفرااسٹرکچر استحکام، لچکدار ٹیکس پالیسی اور ماہر انسانی وسائل کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت مارکیٹ تک رسائی میں ایک ڈالر کی سرمایہ کاری کرتی ہے تو اس کا نتیجہ 49 ڈالر کی واپسی کی صورت میں نکلتا ہے، جیسا کہ گزشتہ تین سالوں کے پیٹرن سے ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں تقریبا 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے برآمدات 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 55 فیصد آئی ٹی برآمدات امریکا اور 20 فیصد یورپ جا رہی ہیں۔ تاہم، حکومت کو اس شعبے کی حقیقی صلاحیت کو سمجھنے کے لئے برانڈنگ پر توجہ اور سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے.

سجاد مصطفی نے ملک میں بار بار انٹرنیٹ کی معطلی کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 99 فیصد کمپنیوں نے رپورٹ کیا کہ ان کی خدمات میں خلل آیا، اور 90 فیصد نے مالی نقصانات کا ذکر کیا۔ ایک مثال دیتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ حالیہ انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے ایک کال سینٹر کو 2 ملین ڈالر کا جرمانہ ہوا ہے۔

ڈیوٹیز اور ٹیکسز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ اپنی آمدنی پر ٹیکس ادا کرتا ہے جس سے اسے نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس شعبے کو پھلنے پھولنے، ترسیلات زر کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری لانے کے لیے ٹیکس مراعات دے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبے میں داخلے کی راہ میں رکاوٹیں کم ہیں لیکن باہر نکلنے کی رکاوٹ بھی کم ہے۔ لہٰذا حکومت کو ایسی ٹیکس پالیسیاں نہیں بنانی چاہئیں جو کمپنیوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کریں اور اس کے بجائے انہیں مزید سرمایہ کاری لانے کے لئے سہولت فراہم کریں۔

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ آئی ٹی سیکٹر کو ابھی تک صنعت کے طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے ، اور اس کے نتیجے میں ٹیرف اور دیگر متعلقہ چیزوں کی وجہ سے ان کی ان پٹ لاگت زیادہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مفت ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک ڈیٹا سیکیورٹی کے لئے خطرہ ہے اور حکومت کو وی پی این خدمات فراہم کرنے والوں کے پیٹرن پر عمل کرنا چاہئے تاکہ اسے زیادہ محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ صنعت دوست بھی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ای سی اے قانون کے تحت وی پی این کو بلاک نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ مواد نہیں بلکہ ایک ٹول ہے۔

Comments

200 حروف