وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے حج 2025 کی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 10 دسمبر 2024 تک توسیع کر دی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 3 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپانسر شپ سکیم کے تحت موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی منظوری دے دی گئی ہے، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں حج کرنے کے خواہشمند افراد کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

چوہدری سالک نے کہا کہ اگر 10 دسمبر تک موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد رواں سال حج کے لیے 89 ہزار 605 عازمین کے کوٹے سے تجاوز کر جاتی ہے تو حکومت قرعہ اندازی کرائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر پورٹل کے ذریعے حج درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ حج درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ منگل (آج) کو ختم ہونا تھی جسے اب 10 دسمبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔

پیر کے روز جاری ایک بیان کے مطابق وزارت حج کو 3 دسمبر تک 54,000 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

وزارت کے ترجمان نے کہا کہ اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں کیونکہ حج کے اخراجات کے لیے قسطوں میں ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ درخواستیں مکمل ہوتے ہی حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ مدینہ منورہ میں رہائش کا انتظام فلائٹ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کی خریداری جیسی تمام لاجسٹک امور سعودی عرب میں سنبھالے جائیں گے۔

Comments

200 حروف