1300 پوائنٹس کا اضافہ، 100 انڈیکس ایک لاکھ 4 ہزار پوائنٹس سے اوپر کی سطح پربند
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو ایک اور سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے کیونکہ اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تقریبا 1300 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 4 ہزارپوائنٹس کی سطح سے اوپر بند ہوا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,284.13 پوائنٹس یا 1.24 فیصد اضافے کے ساتھ 104,559.07 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور ریفائنری سیکٹر سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، ایف ایف سی، اینگرو، ایم ای بی ایل اور این بی پی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاکس میں مثبت رجحان رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ افراط زر کی تازہ ترین ریڈنگ کے بعد اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے آئندہ اجلاس میں پالیسی ریٹ میں مزید کمی کی توقع ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق نومبر 2024 میں پاکستان میں کنزیومر پرائس انفلیشن کی شرح سالانہ 4.9 فیصد رہی جو مئی 2018 کے بعد کی کم ترین سطح ہے۔
حکومت نے امید ظاہر کی کہ اس سے بنیادی پالیسی ریٹ میں مزید کمی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1900 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 103000 پوائنٹس کی سطح کو عبور کرتے ہوئے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی سطح پر منگل کو ایشیائی اسٹاکس میں اضافہ ہوا، جس کی قیادت ٹیکنالوجی کے شعبے نے کی اور ٹیکنالوجی کا شعبہ وال اسٹریٹ پر راتوں رات ریکارڈ بلند سطح پر جا پہنچا جبکہ ڈالر جاپانی ین کے مقابلے میں چھ ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب رہا کیونکہ تاجروں نے امریکہ اور جاپان میں شرح سود کے منظرنامے کا جائزہ لیا۔
سرمایہ کار فرانس میں سیاسی افراتفری پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ وہاں کی حکومت گرنے کے دہانے پر پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے یورو ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ۔
جاپان کے ٹیکنالوجی سے لیس نکی میں 1.6 فیصد اور جنوبی کوریا کے کوسپی میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا۔
تائیوان کے حصص میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا۔ آسٹریلیا کے اسٹاک بینچ مارک میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ایشیا پیسیفک کے حصص کے ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا۔
آل شیئر انڈیکس پر حجم پیر کے روز کے 1,556.25 ملین کے مقابلے میں بڑھ ک1,766.47 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 47.10 ارب روپے سے بڑھ کر 56.62 ارب روپے ہوگئی۔
سینرجیکو پی کے 246.71 ملین حصص کے ساتھ حجم میں سب سے آگے رہا۔ ورلڈ کال ٹیلی کام 89.42 ملین شیئرزکے ساتھ دوسرے اور ہیسکول پیٹرول 87.02 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
منگل کو 465 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 271 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 160 میں کمی جبکہ 34 میں استحکام رہا۔
Comments