پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ کے قریب فیلڈ ٹریننگ مشق معائنہ کیا۔

کور کمانڈر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیویشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو مشق کے اغراض و مقاصد کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی جس کا مقصد ابھرتے ہوئے آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری پیشہ ورانہ مہارت اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔

فوج کے میڈیا ونگ نے بتایا کہ مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس سمیت مختلف عناصر کی جانب سے مربوط فائر اینڈ مینیوور آپریشنز کیے گئے۔

”اس مشق نے الیکٹرانک جنگ کی صلاحیتوں اور اطلاعاتی آپریشنز کے مؤثر استعمال کو بھی ظاہر کیا، جو دشمن کی مواصلات کو مفلوج کرنے اور جدید جنگی میدان میں جھوٹی معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیے گئے تھے۔“

شرکاء سے بات چیت کے دوران جنرل عاصم منیر نے دشمنوں کی جانب سے درپیش کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے ”مستقل تیاری“ برقرار رکھنے کی اہم اہمیت پر بھی زور دیا۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 29 نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان صوبہ خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ کے دو مختلف آپریشنز میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کیا۔

پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔

Comments

200 حروف