پاکستان

دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں، وزیراعظم

  • جوائنٹ ٹاسک فورس کا اجلاس، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر حکام کی شرکت
شائع December 3, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد تشکیل دی گئی جوائنٹ ٹاسک فورس (جے آئی ٹی) کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے احتجاج کے مقام سے جمع کیے گئے اسلحے، خول اور دیگر فرانزک مواد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موقع واردات سے اسلحہ اور فائرنگ کے نتیجے میں ملنے والے کارتوس اور خول و دیگر شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موقع واردات پر موجود فسادیوں کی شناخت کا عمل بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، شناخت کے بعد تمام فسادیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج کے دوران احتجاج میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اورشہید کرنے والوں کو قرارواقعی سزائیں دی جائیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی میں فارنزک لیب شامل کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا اور اس کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

حکومت نے ایک اعلیٰ سطح جوائنٹ ٹاسک فورس (جے ٹی ایف) کی تشکیل کا اعلان کیا ہے تاکہ غلط معلومات پھیلانے والوں سے نمٹا جاسکے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ

(1) جعلی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے میں ملوث افراد، گروہوں اور تنظیموں کی نشاندہی اور تحقیقات کریں۔ خاص طور پر 24 نومبر سے 27 نومبر 2024 تک اسلام آباد میں سیاسی بدامنی کے دوران جعلی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے میں ملوث ہیں۔

(2) پاکستان کے اندر اور بیرون ملک مجرموں کا تعاقب اور پتہ چلائیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ وہ ملک کے قوانین کے مطابق قانونی نتائج کا سامنا کریں۔

(3) غلط پروپیگنڈے کے خلاف خلا کو پر کرنے اور میکانزم کو مضبوط بنانے کے لئے پالیسی سفارشات پیش کریں۔

Comments

200 حروف