پاکستان ہوٹلز ڈیولپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈیکلیئریشن آف سالوینسی منظور کرتے ہوئے کمپنی کی رضاکارانہ تحلیل کی منظوری دے دی ہے۔

پی ایچ ڈی ایل نے منگل کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کو منعقدہ اپنے اجلاس میں کمپنیز (کورٹ) رولز، 1997 کے رول 269 کے تحت کمپنی کو رضاکارانہ طور پر بند کرنے (پی ایچ ڈی ایل) کے حوالے سے تیار کردہ سولوینسی کے اعلان کی منظوری دی ہےاور اس کی سفارش کی کہ اسے ممبران کی منظوری کے لیے غیر معمولی جنرل اجلاس (ای او جی ایم) میں پیش کیا جائے۔

اس کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے ممبران کو غیر معمولی جنرل اجلاس (ای او جی ایم) میں منظوری کے لیے تجویز دی ہے کہ لیکویڈیٹرز محسن فیروزالدین، مسرور ایف باویجا، مظفر باویجا، ظہیر باویجا اور زبیرالدین باویجا کو بغیر کسی معاوضے کے مقرر کیا جائے۔

غیرمعمولی جنرل اجلاس (ای او جی ایم) 31 دسمبر 2024 کو منعقد ہوگا۔

پاکستان ہوٹلز ڈیولپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) کو 1979 میں تاج محل ہوٹلز لمیٹڈ کے نام سے پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ اسے 1981 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی ہوٹل کا کاروبار تھا، اور اس کے علاوہ کمپنی کراچی میں ریجنٹ پلازہ ہوٹل اور کنونشن سینٹر جیسے پانچ ستارہ ہوٹل کی ملکیت اور آپریشن بھی کر رہی تھی۔

حال ہی میں کمپنی نے اپنی جائیداد کی منتقلی کے لیے ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کے ساتھ معاہدہ طے کیا ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کے معروف ہیلتھ کیئر اداروں میں سے ایک ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ نے کراچی کے ریجنٹ پلازہ کو 14.5 ارب روپے (تقریبا 52 ملین ڈالر) میں خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

اس اعلان کے بعد پی ایچ ڈی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ سال نومبر میں ریجنٹ پلازہ کو ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کو فروخت کرنے کو حتمی شکل دینے کے لیے دو ایگزیکٹوز کو نامزد کیا تھا۔

رواں سال جولائی میں پی ایچ ڈی ایل نے ریجنٹ پلازہ کے مالکانہ حقوق اور قبضہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کو منتقل کردیا تھا۔

یہ منتقلی اس وقت عمل میں آئی جب ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ نے جائیداد کی 90 فیصد ادائیگی جو کہ 46.8 ملین ڈالر ہے، ادا کرنے کے بعد یکم جولائی 2024 کو جائیداد کا قبضہ حاصل کر لیا تھا۔

Comments

200 حروف