پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 29 نومبر سے یکم دسمبر 2024 کے درمیان صوبہ خیبر پختونخوا میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کردیا۔
آئی ایس پی آر نے اتوار کو جاری بیان میں کہا ہے کہ پہلا آپریشن ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں خوارج کی مبینہ موجودگی پرکیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ضلع خیبرکے علاقے شگئی میں سیکورٹی فورسز نے ایک اور آپریشن میں 3 خوارج کو جہنم واصل جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں شگئی کے محاذ پر جواں مردی کے ساتھ جوانوں کی فرنٹ لائن سے قیادت کرنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین جام شہادت نوش کرگئے۔
بیان کے مطابق علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اورسیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔
Comments