پاکستان

چین کی دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کے عزم کی تعریف

  • آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال
شائع November 27, 2024

چین نے انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کے دورے کے موقع پر کہی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، علاقائی استحکام کیلئے اقدامات اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاک چین تعلقات کی پائیدار نوعیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تاریخی شراکت داری ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور مزید ترقی کی جانب گامزن ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی ماحول میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا جنرل یوشیا نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے لئے پاکستان کے ثابت قدمی کی تعریف کی۔

Comments

200 حروف