ملک کے آٹو سیکٹر کو درپیش چیلنجز بشمول مٹیریل کی قلت اور آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کے پیش نظر پاکستان کی دو معروف کمپنیوں انڈس موٹر کمپنی (آئی این ڈی یو) اور گندھارا ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی لمیٹڈ (جی ٹی وائی آر) نے اپنی پیداواری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کیے گئے ایک نوٹس میں پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیوں کی اسمبلر آئی این ڈی یو نے بتایا ہے کہ ’کمپنی کو اس وقت خام مال اور اجزاء کی کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سپلائی چین میں تعطل ہے‘۔

کمپنی نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا کہ اس کے نتیجے میں کمپنی کو گاڑیوں کی پیداوار کے لیے ضروری پرزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پیداواری ضروریات کو پورا کرنے کی اس کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

ان حالات کی روشنی میں کمپنی نے 27 نومبر 2024 سے 29 نومبر 2024 تک اپنا پیداواری کام عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ٹائر اور ٹیوب بنانے والی کمپنی گندھارا ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو ایک علیحدہ نوٹس میں 27 نومبر 2024 سے 2 دسمبر 2024 تک پیداواری سرگرمیوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ہم آپ کو مطلع کرتے ہیں کہ فیکٹری میں ہماری یوٹیلٹی لائن پر منصوبہ بند کام کی وجہ سے، بوائلر بند ہوجائے گا.

اس کے نتیجے میں کمپنی نے بدھ 27 نومبر 2024 سے پیر 2 دسمبر 2024 تک پلانٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی نے نوٹ کیا کہ اسے اپنی فروخت پر کسی منفی اثر کی توقع نہیں ہے ، ”کیونکہ تمام علاقائی دفاتر فعال رہیں گے“۔

کمپنی کام مکمل ہونے کے بعد فوری طور پر کام دوبارہ شروع کرے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان کے آٹو سیکٹر کے اندر وسیع تر دباؤ کی نشاندہی کرتی ہے جو درآمدات کو روکنے اور ایل سی کے اجراء کو محدود کرنے کے حکومتی فیصلے سے شدید متاثر ہوا ہے۔

Comments

200 حروف