نیویارک کے ایک جج نے جمعہ کو ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے خلاف ”ہش منی“ کرمنل کیس خارج کرنے سے متعلق درخواست دائر کرنے کی اجازت دے دی۔ ہش منی کیس میں رواں برس کے آغاز میں ٹرمپ کو مجرم قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی کے پیش نظر کیا ہے۔

78 سالہ ٹرمپ کو 26 نومبر کو سزا سنائی جانا تھی۔ لیکن مین ہیٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ کے دفتر کے پراسیکوٹرز نے اس ہفتے کے اوائل میں نیو یارک اسٹیٹ سپریم کورٹ کے جسٹس خوان مرچن سے کہا تھا کہ وہ اس معاملے کی تمام کارروائی اس وقت تک ملتوی کرنے پر غور کریں جب تک ٹرمپ 20 جنوری سے شروع ہونے والی اپنی چار سالہ صدارتی مدت مکمل نہیں کر لیتے۔

ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹرمپ کے وکلا نے دلیل دی ہے کہ اس کیس کو خارج کیا جانا چاہیے کیونکہ بطور صدر ان پر یہ مقدمہ چلنا ان کی حکومت کرنے کی اہلیت میں ’غیر آئینی رکاوٹوں‘ کا باعث بنے گا۔

برگ کے دفتر نے کہا کہ وہ کیس کے مسترد کرنے کے خلاف دلائل دیں گے لیکن انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹرمپ کو اپنی تحریری درخواست پیش کرنے کیلئے وقت ملنا چاہئے۔

مرچن نے جمعے کے روز ٹرمپ کو کیس مسترد کرنے سے متعلق تحریری درخواست دائر کرنے کیلئے 2 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی ہے اور استغاثہ کو جواب دینے کے لیے 9 دسمبر تک کی مہلت دی ہے۔

Comments

200 حروف