ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 8 پیسے بڑھنے کے بعد روپیہ 277 روپے 96 پیسے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق بدھ کو روپیہ 278.04 پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی کیونکہ تاجروں کو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ پالیسیوں کے بارے میں مزید وضاحت کا انتظار ہے اور انہوں نے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کم جارحانہ کمی کے امکانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی ہے۔
تین سیشنز تک تعطل کا شکار رہنے کے بعد سرمایہ کاروں نے اپنے اہم حریفوں کے مقابلے میں ڈالر انڈیکس میں اضافہ کیا جو گزشتہ ہفتے ایک سال کی بلند ترین سطح 107.07 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
5 نومبر کو امریکی صدارتی انتخاب کے بعد سے امریکی ڈالر میں 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، کیونکہ توقع کی جا رہی ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں سے مہنگائی دوبارہ بڑھ سکتی ہے اور فیڈرل ریزرو کے مستقبل کے شرح سود میں کمی کے رجحان کو کم کیا جا سکتا ہے۔
اسی دوران، تاجر یہ سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں کیے گئے ٹیرف عائد کرنے کے وعدے دنیا کے باقی حصوں، خاص طور پر یورپ اور چین، کے لیے کیا اثرات مرتب کریں گے، جو ممکنہ طور پر نشانے پر ہیں۔
دوسری جانب بدھ کو بٹ کوائن 95,016 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جس کی بنیادی وجہ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے کرپٹو ٹریڈنگ فرم بککٹ کو خریدنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
بٹ کوائن گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس امید میں تیزی سے بڑھ رہا ہے کہ نو منتخب صدر کرپٹو کرنسی کے لیے دوستانہ ریگولیٹری ماحول پیدا کریں گے۔
روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بارے میں جغرافیائی سیاسی خدشات کی وجہ سے جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
برینٹ کروڈ فیوچر 16 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 72.97 ڈالر پر پہنچ گیا۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی فیوچر قیمت 16 سینٹ یا 0.23 فیصد اضافے کے ساتھ 68.91 ڈالر ہوگئی۔
Comments