ریڈیو پاکستان کے مطابق پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ”واریئر- 8“ کی افتتاحی تقریب بدھ کو خیبر پختونخوا کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ہوئی ۔
انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک ہفتے تک جاری رہنے والی یہ مشق سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والی 8 ویں مشترکہ مشق ہے۔
مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانا اور آہنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
مشق کو ”واریئر-8“ کا کوڈ نام دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد مشترکہ انسداد دہشت گردی کلیئرنس اور اٹیک آپریشنز ہے۔
دونوں ملکوں کی افواج مختلف مہارتوں میں کثیر سطحوں پرمشتمل اور مشترکہ تربیت میں حصہ لیں گی اور اصل جنگی عمل کے مطابق لائیو فوجی مشقیں بھی کریں گی۔
کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیازنے ان مشقوں کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاکستان اور چین کے درمیان انسداد دہشت گردی کی یہ مشق ایسے وقت ہو رہی ہے جب پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے (سی پیک) پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
چین پاکستان سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ ان انتہاپسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے جو پاکستان میں چینی شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
Comments