چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی: احسن اقبال کی ماڈل اسپیشل اکنامک زونزکیلئے مناسب مقامات کی نشاندہی کی ہدایت
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے چین کی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے لیے ماڈل اسپیشل اکنامک زونز کے قیام کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس میں سینئر حکام اور سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بی او آئی نے ایک جامع بریفنگ پیش کی، جس میں خصوصی اقتصادی زونز( ایس ای زیڈز) کے لئے ممکنہ مقامات اور متعلقہ پالیسی کی ضروریات کی نشاندہی کی گئی۔
احسن اقبال نے اپنے خطاب میں چین کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اورچین کی صنعتوں کو اراضی فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ان خصوصی اقتصادی زونز کو ضروری انفرا اسٹرکچر اور خدمات سے آراستہ کرنے میں کسی بھی قسم کی تاخیر کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے چینی کمپنیوں کے ساتھ فعال روابط پر زور دیتے ہوئے ان کے خدشات دور اور پیش رفت تیز کرنے کے لئے ماہانہ جائزہ اجلاسوں کو لازمی قرار دیا۔
انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مارکیٹ تک رسائی اور زون مینجمنٹ چینی کمپنیوں کی طرف سے کی جائے گی، جس سے کارکردگی اور استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔
احسن اقبال نے سرمایہ کاروں کی آسانی اور سہولت کو یقینی بنانے کے لئے ون ونڈو سہولت کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments