امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی آئی بیکس لمیٹڈ نے دی ریسورس گروپ انٹرنیشنل (ٹی آر جی آئی) سے تقریباً 3.56 ملین شیئرز 70 ملین ڈالر میں واپس خرید لئے۔
یہ پیش رفت بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس ) کو ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ، جو کہ ٹی آر جی آئی کی ایک ایسوسی ایٹ کمپنی ہے، کے ذریعے ایک نوٹس میں بتائی گئی۔
نوٹس کے مطابق ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کو مطلع کیا گیا ہے کہ اس کی ایسوسی ایٹ کمپنی دی ریسورس گروپ انٹرنیشنل لمیٹڈ (ٹی آر جی آئی) نے اپنی پورٹ فولیو کمپنی آئی بیکس لمیٹڈ کے ساتھ ایک حتمی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت آئی بیکس نے ٹی آر جی آئی سے تقریباً 3.56 ملین شیئرز دوبارہ خرید لیے ہیں۔
مجموعی ٹرانزیکشن 70 ملین ڈالر ہے جس میں 45 ملین ڈالر نقد اور 25 ملین ڈالر سیلر فنانسنگ شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق، خریداری کی قیمت فی شیئر 19.65 ڈالر مقرر کی گئی، جو معاہدے کے اعلان سے قبل کی آخری اختتامی قیمت اور نیسڈیک گلوبل مارکیٹ پر آئی بیکس کے عام شیئرز کی پانچ روزہ اوسط وزن دار تجارتی قیمت کے برابر ہے، جو معاہدے کے دستخط کے وقت تک کی گئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس دوبارہ خریداری کے بعد ٹی آر جی آئی بیکس کے 1.8 ملین عام شیئرز کی ملکیت برقرار رکھے گا اور نومبر 2017 میں آئی بیکس کے ساتھ ٹی آر جی آئی کا شیئر ہولڈر معاہدہ برقرار رہے گا۔ تاہم ، ٹی آر جی آئی اب کنٹرولنگ شیئر ہولڈر نہیں ہے۔
مزید یہ کہ اگر مخصوص شرائط پوری کی جائیں، تو آئی بیکس کو اگلے چار سال کے اندر ٹی آر جی آئی کے باقی ماندہ شیئرز دوبارہ خریدنے کا حق حاصل ہوگا.
ٹی آر جی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہولیہان لوکی نے اس لین دین کے لئے ٹی آر جی آئی کے مالیاتی مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں.
ٹی آر جی کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے سال کے دوران کمپنی کو 30.8 ارب روپے یعنی 56 روپے فی حصص کا بعد از ٹیکس خسارہ ہوا۔
Comments