وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی فائدے کیلئے اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز ال داؤد سے ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان میں 2.8 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ہمہ گیر حمایت پر سعودی قیادت اور حکومت سے اظہار تشکر کیا۔

دفاعی اور سیکورٹی میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نائب وزیر داخلہ اور ان کے وفد کے دورے سے دونوں فریقین کو ان حساس شعبوں میں تعاون کے حوالے سے قریب لانے میں مدد ملے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران غزہ اور مشرق وسطیٰ کی وسیع تر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریاض میں ہونے والے حالیہ عرب اسلامک سمٹ کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی عرب کی قیادت اور مسئلہ فلسطین پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے موقف کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے قتل عام کے اقدامات کی وجہ سے غزہ میں تشدد کے خاتمے کے لیے امت مسلمہ کو متحد کیا جائے۔

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

Comments

200 حروف