پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک قومی کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن عاقب جاوید کو آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد اضافی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔

اس دوران پی سی بی وائٹ بال کے مستقل ہیڈ کوچ کی تقرری کا عمل شروع کرے گا جس کا مقصد 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک تقرری مکمل کرنا ہے۔

وائٹ بال کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا تھا۔ ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے دوران ٹیم کی کوچنگ کی تھی، جو اب جنوبی افریقہ میں آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم میں دوبارہ شامل ہونگے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز (24 نومبر سے 5 دسمبر) جبکہ جنوبی افریقہ میں 10 سے 22 دسمبر تک اتنے ہی وائٹ بال میچز کھیلے گی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے تیاری کے طور پر پاکستان 8 سے 14 فروری تک نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ایک ون ڈے ٹرائنگولر سیریز کی میزبانی کرے گا۔

Comments

200 حروف