کراچی میں جمعرات کو پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے جو پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری اور فروخت کرکے عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئی تھی۔
پولیس نے اس سے قبل خاتون کے شوہر عمران کو گرفتار کیا تھا۔
بغدادی پولیس کے حکام نے بتایا کہ 27 اکتوبر کو پولیس اسٹیشن میں 20 تولہ سونے کے زیوارت کی چوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ملزم عمران کو گرفتار کیا جس نے بتایا کہ اس کی بیوی شہناز نے سونا چوری کیا تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ پولیس نے ملزم خاتون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3 تولہ سونا اور 15 لاکھ روپے نقد برآمد کیے۔
پولیس نے بتایا کہ شہناز نے اہلخانہ کی غیر موجودگی میں پڑوس کے گھر میں چوری کی۔ اس نے 17 تولہ سونا فروخت کیا اور اس رقم کے ساتھ وہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور مزید ریکوری اور جرم میں ملوث ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
Comments