گزشتہ سیشن میں شدید کمی کے بعد عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کے نرخ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1400 روپے اضافے سے 2 لاکھ 71 ہزار 900 روپے ہوگئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 1200 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 33 ہزار 111 روپے ہوگئی۔

منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 7 ہزار روپے کمی سے 2 لاکھ 70 ہزار 500 روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا بدھ کے روز سونے کی بین الاقوامی قیمت میں اضافہ ہوا۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 14 ڈالر کے اضافے سے 2,607 ڈالر ہوگئی ہے۔

چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 250 روپے پر مستحکم رہی۔

گزشتہ ماہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

حالیہ ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور آئندہ امریکی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے محفوظ اثاثوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر، بدھ کے روز سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا کیونکہ سرمایہ کار پچھلی سیشن میں زبردست کمی کے بعد سستے داموں خریداری کے لیے متحرک ہوئے، جبکہ توجہ امریکہ کی افراط زر کی رپورٹ پر مرکوز ہو گئی، جو فیڈرل ریزرو کی مانیٹری پالیسی کے مستقبل کے راستے پر مزید روشنی ڈال سکتی ہے۔

سونے کو معاشی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے خلاف ایک محفوظ اثاثہ تصور کیا جاتا ہے۔

Comments

200 حروف