مارکٹس

سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ

عالمی بلین مارکیٹ میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی۔ عالمی بلین مارکیٹ میں سونا...
شائع November 12, 2024

عالمی بلین مارکیٹ میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 77 ڈالر کی نمایاں کمی سے 2593 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں بھاری کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 7 ہزار روپے کی بڑی کمی سے 2 لاکھ 70 ہزار 500 روپے پر آگیا۔

اسی طرح دس گرام سونا 6 ہزار روپے کی کمی سے 2 لاکھ 31 ہزار 911 روپے کا ہوگیا۔

یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 1300 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 77 ہزار 500 روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 50 روپے کی نمایاں کمی سے 3 ہزار 250 روپے ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پرجاپہنچی تھی۔

حالیہ ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور آئندہ امریکی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے محفوظ اثاثوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر منگل کو سونے کی قیمتیں ایک ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں کیونکہ سرمایہ کاروں کو شرح سود کے بارے میں مزید وضاحت کے لئے اہم امریکی اقتصادی اعداد و شمار اور فیڈرل ریزرو کے عہدیداروں کے تبصرے کا انتظار تھا۔

Comments

200 حروف