وزیراعظم شہباز شریف نے عرب اسلامک سمٹ کے موقع پر سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور مشیر رائل کورٹ محمد التویجری سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے حوالے سے حالیہ مصروفیات پر تبادلہ خیال کے لیے ہوئی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے زیر بحث بڑے منصوبوں پر پیش رفت کو سراہا اور مختلف شعبوں میں اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے تکنیکی ٹیموں کی قریبی تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی مشترکہ عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں غزہ سمیت فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی مظالم پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

شہباز شریف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سمٹ میں وہ غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے ایک آواز میں بات کریں گے اور علاقائی امن کے لیے اجتماعی مطالبے کا اعادہ کریں گے۔

وزیر اعظم فلسطین کاز کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے اور غزہ میں نسل کشی کے فوری خاتمے اور خطے میں جاری اسرائیلی مہم جوئی کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

Comments

200 حروف