ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) نے پالیسی اور بجٹ سپورٹ کے ذریعے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول اور موسم سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے میں مدد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے نائب صدر کلائنٹ ریجن اینڈ پراجیکٹ فنانس گلوبل کونسٹینٹین لمیٹوسکی کی قیادت میں ایک وفد نے منگل کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا۔
اے آئی آئی بی کی ٹیم نے کہا کہ وہ پاکستان کو ایک اہم شراکت دار ملک کے طور پر دیکھتے ہیں۔
اے آئی آئی بی کی ٹیم نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں بینک کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا جس میں پن بجلی کی پیداوار، سڑکوں اور نقل و حمل کے شعبے کی تعمیر، شہری بنیادی ڈھانچے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت کی تعمیر اور وبائی امراض، تنازعات اور موسم کی وجہ سے آنے والی سیلاب کی آفات کے منفی اثرات سے نمٹنے کے منصوبے شامل ہیں۔
جاری منصوبوں کی صورتحال اور اضافی گنجائش کے پیش نظر بینک کی فنانسنگ کو بجلی کی پیداوار سے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی طرف موڑنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لئے بینک کی حمایت کا اعتراف کیا، خاص طور پر قدرتی آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور طویل مدتی بنیادوں پر آفات سے نمٹنے کے لئے اس کی مالی اعانت اور تکنیکی معاونت کا اعتراف کیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں اے آئی آئی بی کے منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور جاری منصوبوں کی تقسیم کو بہتر بنانے کے لئے مزید کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے گزشتہ ماہ واشنگٹن ڈی سی میں اے آئی آئی بی کے صدر جن لیکون کے ساتھ اپنی ملاقات کو بھی یاد کیا اور لیکون کے ساتھ اپنی بات چیت کا ذکر کیا جس میں پاکستان کی جانب سے اے آئی آئی بی کے ساتھ پانڈا بانڈ جاری کرنے کے امکانات تلاش کرنے کی خواہش کا ذکر کیا گیا تھا۔
Comments