پاکستان

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عرقچی کا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم

  • دونوں رہنماؤں کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت
شائع November 5, 2024

پاکستان اور ایران نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ایکس پر جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عرقچی اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے جہاں انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا اور تجارت، توانائی تعاون اور سرحدی انتظام میں اضافے کے ذریعے ان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ عرقچی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل غزہ میں 43 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے۔ غزہ میں اپنی جارحیت جاری رہنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل نے لبنان میں بھی اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے، جس میں 23 ستمبر 2024 کے بعد سے تقریبا 2،000 افراد مارے جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ پیر کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، اقتصادی، توانائی اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

Comments

200 حروف